نئی دہلی:8 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے پیر کو جاری ہوئے بی جے پی کے نام نہاد ’سنکلپ پتر (انتخابی منشور ) کو ’جھوٹ کا غبارہ‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اب ان کے ہتھکنڈے چلنے والے نہیں ہیں، کیونکہ ملک کے عوام کو ان کی شناخت ہوچکی ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے کہا کہ اب یہ’جھوٹ بمقابلہ ’نیائے‘ کا الیکشن ہے۔ پٹیل نے صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس کے منشور میں عوام ہے اور بی جے پی کے منشور میں’ میں ہی میں ہوں‘ہے۔ ان کا منشور جھوٹ کا غبارہ ہے۔ انہوں نے کہا، 'ان کو معافی نامہ جاری کرناچاہئے تھا کیونکہ انہوں نے پانچ سال میں کوئی کام نہیں کیا۔ یہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے کبھی نہیں پورے نہیں کئے ۔ ملک کے عوام ان کو اچھی طرح پہچان گئے ہیں ۔ اصل میں ان کو اپنے کام کا حساب دینا چاہئے۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان ر ندیپ سرجے والا نے دعوی کیا کہ مودی کی اصل منتر ’ جھانسوں سے پھانسو ‘ہے۔ ان پر عوام بھروسہ کیسے کرے؟ یہ منشور نہیں ’جھانسہ منشور‘ ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس بار پھر جھانسہ پتر تیار، جانے کے لئے تیاری شروع کریں، تھیلے اٹھا کے چلنے کو ہوجائیں تیار۔ دراصل، لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی نے پیر کو نام نہاد’سنکلپ پتر ‘ (انتخابی منشور ) کے نام سے اپنا منشور جاری کیا۔ اس میں بی جے پی نے قومی سلامتی پر زور دینے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف 'زیرو ٹال رینس ‘ کے نظریہ کو دہرایا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی 60 سال کی عمر کے بعد کسانوں اور چھوٹے دکانداروں کو پنشن دیئے جانے سمیت کئی اعلان کئے ہیں۔